جئے پور،25؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ راجستھان میں کورونا وائرس قابو میں ہے، لیکن احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ اشوک گہلوت نے آج جاری بیان میں کہا کہ مہاراشٹر، کیرالہ اور مدھیہ پردیش میں کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں کورونا کے برطانیہ کے اسٹرین کے علاوہ جنوبی افریقہ اور برازیل سے آئے نئے اسٹرین کے معاملے بھی ملے ہیں۔ گزشتہ سال اسی وقت ملک میں کورونا کے معاملے بڑھنا شروع ہوئے تھے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ کیرالہ کے بعد راجستھان آئے غیرملکی سیاح متاثر تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں لوگ اس کی زد میں آگئے اور ایک لاکھ 56 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جان چلی گئی، لہٰذا اس وقت انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ سبھی کے تعاون سے اب تک راجستھان میں کورونا وائرس وبا قابو میں ہے، لیکن پوری طرح احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کووڈ- 19 پروٹوکال پر عمل کریں اور کوئی بھی علامات نظر آنے پر خود کو آئیسولیٹ کرکے اپنا کووڈ ٹیسٹ ضرور کرائیں۔ تھوڑی سی لاپرواہی سبھی کے لئے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔